معیشت کی سست روی ،عالمی ادارہ سے ایک اورمعاہدہ کرنا پڑیگا: پاکستان ٹیکس بار

لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات ، ہماری پالیسیوں اور سمت سے ہرگز یہ نہیں لگتا کہ آنے والے چند سالوں میں ہماری آئی ایم ایف سے جان چھوٹ جائے گی ،معیشت کی سست روی اور زمینی حقائق سے یہ واضح اشارے مل رہے ہیں کہ ہمیں آئی ایم ایف سے ایک اورمعاہدہ کرنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر اور جنرل سیکرٹری قمر الزمان چودھری نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر ملکی قرضوں سے چھٹکار احاصل کرنے کے لئے برآمدات پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ غیر معمولی سکیمیں لانا ہوں گی۔ پاکستان میں ایسے اذہان موجود ہیں جو پاکستان کا قرض اتارنے کی منصوبہ بندی اور حکمت عملی مرتب کرنے میں حکومت کو بہترین تجاویز پیش کر سکتے ہیں اس لئے حکومت ایسے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے۔ انہوںنے کہا کہ غیر ملکی قرضوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کی سانسیں بند ہو رہی ہیں اور اگر یہی صورتحال بر قرار رہی تو ہماری مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب کو اپنی اپنی سیاست کو پس پشت ڈالتے ہوئے صرف اور صرف قومی سوچ اپنانی چاہیے بصور ت دیگر ہمارے پاس سوائے پچھتاوے کے کچھ نہیں بچے گا۔

ای پیپر دی نیشن