فیصل آباد(نیٹ نیوز)فیصل آباد کی پاور لومز انڈسٹری جو کبھی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے بحران کا شکار رہتی تھی اب 24گھنٹے دستیاب بجلی کے باوجود بند ہو رہی ہے کیونکہ بجٹ میں بجلی کے نرخ کم کرنے کے اعلان کے منتظر پاور لومز ورکرز شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔فیصل آباد کی پاور لومز انڈسٹری کیلئے بجلی کی کوئی کمی نہیں تاہم بجلی کی قیمت سے پاور لومز سیکٹر بحران کا شکار ہے اور موجودہ بجٹ بھی اس بحران کا مداوا نہیں کر سکا۔ ورکرز کا کہنا ہے کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے انڈسٹری بند ہو رہی ہے، بجٹ میں حکومت سے سب انڈسٹری والوں کو توقع تھی کہ بجلی کے ریٹ کم کریں گے جو کہ ناجائز سرچارجز ہیں۔ پورے ملک میں بجلی چوری ہوتی ہے۔ لائن لاسز ہیں، ان کا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑتا ہے، سوچا تھا ان سے ہماری جان چھوٹ جائیگی لیکن مہنگی بجلی نے ہماری جان نکال کر رکھ دی ہے۔ورکرز کا کہنا ہے کہ پاور لومز تو ویسے ہی بند ہو رہی ہیں اگر مزید بند ہوگئیں تو حالات بہت زیادہ خراب ہو جائیں گے، ہمارا چلنا بہت مشکل ہے۔پاور لومز فیکڑیوں میں مہنگی بجلی سے بننے والا مہنگا کپڑا بازاروں میں اپنی مانگ تیزی سے کھو رہا ہے، طلب میں کمی اور پیدواری لاگت میں اضافہ اس وقت پاور لومز انڈسٹری کے حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ سنگین بنا رہا ہے جب کہ مہنگی بجلی سے بند ہوتی فیکٹریوں میں ہنر مند تیزی سے بے روزگار ہو رہے ہیں۔
بجلی نرخ کمی کے اعلان کے منتظر پاور لومز ورکرز شدید مالی بحران کا شکار
Jul 03, 2023