پشاور(اے پی پی)محکمہ سیاحت خیبرپی کے ٹورازم اتھارٹی نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کی تعطیلات پر ملک بھر سے سیاحوں نے سیاحتی مقامات کی طرف رخ کیا۔ محکمہ سیاحت خیبرپی کے ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے جاری سیاحوں کے اعدادوشمارمیں بتایا گیا ہے کہ 29 جون سے یکم جولائی تک 3 لاکھ 58 ہزار 330 سے زائد سیاحوں نے خیبرپی کے کے سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔ محکمہ سیاحت کائیٹ پراجیکٹ کی طرف سے قائم شدہ ٹورسٹ فیسیلیٹیشن ھب 1422 کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 156 غیر ملکی سیاح بھی سیرو تفریح کیلئے آئے۔ ترجمان کے مطابق دیر اپر میں 37 ہزار 369، مالم جبہ میں 22 ہزار384 سے زائد سیاحوں نے رخ کیا،گلیات میں 2 لاکھ 10ہزار سے زائد، چترال اپر میں 102، چترال لوئر میں 5ہزار 816 سیاح آئے۔ اعدادوشمار کے مطابق کاغان ناران کے سیاحتی مقامات میں 82 ہزار 659 سیاح آئے. عیدالاضحی کی تعطیلات پر ٹورازم پولیس کے جوان بھی سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی میں پیش پیش رہے۔خیبرپختونخوا کی مختلف ڈسٹرکٹ میں ٹورازم پولیس کے جوانوں نے ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔محکمہ سیاحت کائیٹ پراجیکٹ کی طرف سے قائم شدہ ٹورسٹ فیسیلیٹیشن ھب 1422 بھی عیدالاضحی تعطیلات پر 24 گھنٹے فعال رہی۔ ترجمان ٹورازم اتھارٹی کے مطابق سیاحوں کو ہیلپ لائن کے ذریعے معلومات اور ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی جاری ہے، ٹورازم فیسیلیٹیشن ہب اور ٹورازم انفارمیشن سنٹرز عیدالاضحی تعطیلات کے دوران مکمل کھلے رہے۔
عیدالاضحی پرملک بھر سے سیاحوں نے سیاحتی مقامات کی طرف رخ کیا: ٹورازم اتھارٹی
Jul 03, 2023