بالٹی مور (نوائے وقت رپورٹ) امریکی شہر بالٹی مور میں مسلح شخص کی اندھادھند فائرنگ میں 2 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق بالٹی مور کے بلاک پارٹی میں فائرنگ کے واقعے میں خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 28زخمی ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بالٹی مور پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال واقعے کے محرک کا تعین نہیں ہو سکا۔ ملزم فرار ہے جس کے تعاقب میں پولیس پارٹی کو بھیجا گیا ہے۔ ہم ملزم کو جلدہی گرفتار کر لیں گے۔ بالٹی مور کے میئر برینڈن اسکاٹ نے اسلحے کی خریدوفروخت کے قانون پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کے پاس بھی اسلحہ ہے جن کے پاس یہ قطعی نہیں ہونا چاہئے تھا۔ ملزم کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پولیس نے فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔