گرمی کے باوجودعید پر ڈیڑھ لاکھ افراد چڑیا گھروں کی سیر کو آئے

Jul 03, 2023

لاہور( این این آئی)سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی خصوصی ہدایت پر محکمہ نے ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت اب کی بار بھی گزشتہ کیطرح محکمہ کے زیر انتظام چڑیا گھروں میں آنیوالے سیاحوں کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کیں اور جس کے نتیجے میں عید کے تینوں ایام میں محکمہ کے زیر انتظام چند بڑے چڑیا گھروں میں ایک لاکھ تینتالیس ہزار پانچ سو پچہتر افراد سیر کیلئے آئے جس سے محکمہ کو تقریباََ پینسٹھ لاکھ روپے کی خطیرآمدن ہوئی ۔ تفصیل کیمطابق صوبہ کے اہم ایکالوجکل زونز میں قائم اِن چند بڑے چڑیا گھروں میں عید کے پہلے دن 17094 لوگ سیر کیلئے آئے جبکہ عید کے دوسرے روز 54902 جبکہ تیسرے دن 71579 سیاح سیر کرنے کیلئے آئے ،پہلے دن 561925 روپے کی آمدن ہوئی ، دوسرے روز 23,44665 جبکہ تیسرے دن 35,93,505 روپے کی آمدن ہوئی۔ لاہور چڑیا گھر میں کل 63841 لوگ سیر کیلئے آئے ، سفاری زو لاہور میں 15999لوگ سیر کرنے کیلئے آئے جبکہ31520 لوگوں نے عید ایام میں بہاولپور چڑیا گھر کی سیر کی۔ چڑیا گھر لاہور کو عید کے تینوں ایام میں 39,35,380روپے کی آمدن ہوئی ، سفاری زولاہور کو 10,29,010روپے کی آمدن جبکہ بہاولپور چڑیا گھر کو عید کے تینوں ایام کے دوران 14,58820روپے کی آمدن ہوئی۔اسی طرح ایام عید کے دوران ڈی جی خان چڑیا گھر میں 21600 لوگوں نے ، بہاولنگر چڑیا گھر میں 4077 جبکہ وہاڑی چڑیا گھر میں 6538لوگوں نے سیر کی ۔یاد رہے کہ پنجاب بھر میں محکمہ کے زیر انتظام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں میں عید کے تینوں ایام میں سیکورٹی اور دیگر انتظامی امور کی جانب بھرپور توجہ دیجاتی ہے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی کوئی دقت میسر نہ ہو۔

مزیدخبریں