لاہور/رحیم یار خان ( این این آئی)تھانہ بھونگ رحیم یار خان کی حدود میں پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کچہ کے خطرناک ڈاکوئوں کے گینگ کی علاقے میں موجودگی کی انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن ملی،رحیم یار خان پولیس نے تمام علاقے اور ڈاکوئوں کی ممکنہ گزر گاہوں پر خفیہ ناکہ بندی کرتے ہوئے پٹرولنگ بڑھا دی،پٹرولنگ کے دوران ایس ایچ او تھانہ بھونگ کی گاڑی پر ڈاکوئوں نے حملہ آور ہو کر فائرنگ کر دی،ڈاکوئوں کی شدید فائرنگ سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا، ایس ایچ او بھونگ اور ان کے ساتھی اہلکار بلٹ پروف جیکٹس پہنے ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے،ایس ایچ او تھانہ بھونگ اور ان کی ٹیم نے حفاظت خود اختیاری کے تحت ڈاکوئوں پر جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 02 ڈاکو زخمی جبکہ دیگر فرار ہو گئے ۔سرچ آپریشن کے دوران 01 ڈاکو کی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت نادر کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے زخمی ڈاکو کی تلاش جاری ہے۔ڈی پی او رحیم یار خان اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کاسرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مفرور ڈاکوئوں کی تلاش کے لئے قریبی دیہاتوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
رحیم یار خان ،پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک
Jul 03, 2023