جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) جڑانوالہ میں دیرینہ دشمنی پر گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے راجپوت برادری کے باپ بیٹی سمیت 4 افراد کو قتل اور 5 کو زخمی کرنے کے الزام میں پولیس نے 2 نامزد سمیت 7 افراد کے خلاف دہشت گردی، قتل، اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مسلح افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر کے باپ بیٹی سمیت 4 افراد عامر، دعا فاطمہ، علی حسن، میضفرہ کو قتل جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر 5 افراد قمر شہزادی، فرخندہ بی بی، عبداللہ، میرب شدید زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس نے مدعی وسیم اسلم کی مدعیت میں 2 نامزد افراد شہباز لونا‘ بلال عرف بلالو ہمراہ 5 کس نامعلوم افراد کے خلاف دہشت گردی، قتل، اقدام قتل سمیت 6 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ آر پی او فیصل آباد نے 4 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ وقوعہ میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔