اسلام آباد (خبرنگار)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کے پیداواری منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کی بھرپور کوششوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ان کوششوں کے نتیجے میں نہ صرف ہم ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے بلکہ تیز رفتارصنعتی ترقی اور زرعی پیداوار میں اضافے کو بھی ممکن بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی دستیابی کے بعد پانی اور بجلی کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کر نے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں سست روی اور کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں ڈیمز کے منصوبوں پر ہم سب نے ایک ٹیم کے طور پر کام کیا ہے اور کر رہے ہیں تاکہ ان منصوبوں سے جلد اور بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نئے ڈیمز کی تعمیر اور موجودہ ڈیمز کے توسیعی پروگرام پر تیزی سے کام مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ڈیموں کو وزٹ کرتے رہیں ہیں اورترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیموں کی تعمیر سے نہ صرف بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ بہتر آبپاشی کے ذریعے ہم زرعی پیداوار میں تیز ترین اضافہ کو بھی ممکن بنا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف کمیٹیاں کام کر رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں دوست ممالک کا تعاون دوررس نتائج کا حامل ہے اور اس تعاون کیلئے ہم اپنے دوست ممالک کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں ہم ڈیمز کے کردار کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مشکل معاشی صورت حال کے باوجود ڈیمز اور آبی ذخائر کیلئے خاطر خواہ رقم مختص کی گئی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی، پانی اور زراعت کے پروگراموں کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کیا ہے اور مستقبل میں ملکی معیشت میں ڈیمز کلیدی کردار ادا کریں گے۔