دریائے جہلم‘ چناب‘ ستلج، نہر میں 13افراد ڈوب گئے، 5کو بچا لیا گیا

Jul 03, 2023

جھنگ‘ گجرات‘ قصور‘ فیروزوالا‘ ننکانہ (نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) دریائے جہلم‘ چناب‘ ستلج میں 11 افراد ڈوب گئے۔ 5 کو بچا لیا گیا۔ دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے 3 دوست ڈوب گئے۔ ڈوبنے والوں میں 15 سالہ عدیل‘ 12 سالہ عبدالوہاب اور 16 سالہ تیمور شامل ہیں۔ ڈوبنے والوں کی تلاش میں آپریشن جاری ہے۔ کنگن پور کے مقام پر دریائے ستلج میں 6 دوست نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔ ریسکیو ٹیم نے بروقت آپریشن کر  کے 5 کو زندہ بچا لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک لڑکا تاحال لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ زندہ بچنے والے افراد کا کہنا ہے ہم دریائے ستلج پر سیر و تفریح کیلئے آئے تھے۔ گرمی زیادہ ہونے کی وجہ سے نہانے لگے تھے۔ دریائے ستلج سے زندہ نکالے جانے والے 5 افراد کی شناخت اسلم‘ اقبال‘ طلحہ‘ عمر اور امجد کے نام سے ہوئی ہے۔ دریائے چناب پر شہباز پور مقام کے قریب گرمی کی شدت سے تنگ آکر نہاتے ہوئے 15سالہ لقمان ڈوبنے لگا تو اسے بچانے کیلئے 21سالہ وہاب نے دریا میں چھلانگ لگا دی جو دریا کی خونی لہروں کی نذر ہو گئے، جن کی تلاش کیلئے غوطہ خور ٹیموں کی خدمات حاصل کی گئیں مگر دونوں نوجوانوں کی تلاش نہ کی جا سکی۔  فیروزوالہ‘ کوٹ عبدالمالک کا رہائشی نوجوان  شجاعت 26 سالہ  اپنے دوستوں کے ہمراہ اپر چناب خان پور نہر پر سیر کرنے کے لیے گیا ہے اس دوران شجاعت گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ ریسکیو کے عملے نے اطلاع ملتے ہی نہر پر پہنچ کر ڈوبنے والے نوجوان کی  نعش کی تلاش کا سلسلہ شروع کر دیا تا ہم متوفی کی لاش نہ مل سکی۔ جی ٹی روڈ پر رانا ٹاؤن کے قریب برساتی نالہ میں گزشتہ روز ڈوبنے والے دو بھائیوں میں سے ایک کی لاش نہ مل سکی۔ بتایا گیا ہے کہ پٹھان کالونی  رہنے والے دو سگے بھائی قریبی نالہ بھیڈ میں دو بھائی نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔ ریسکیو  کے عملے نے حمزہ  قاسم12 سالہ کی لاش کو نکال کر لواحقین کے حوالے کر دیا جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیم دوسرے بھائی کی لاش کو تلاش کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ نواحی گائوں قلعہ روپ سنگھ میں 14سالہ لڑکا ملک فہد رضا اعوان ٹیوب ویل سے پانی پینے لگا تو بجلی کا کرنٹ لگنے سے دم توڑگیا جبکہ تھانہ منڈی فیض آباد کے علاقہ ہیڈ تولے کی کے مقام پر قادرآباد ہیڈ بلوکی نہر میں 50سالہ نامعلوم شخص کی تیرتی ہوئی لاش کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122کا غوطہ خور عملہ وہاں پہنچا، ریسکیو عملہ نے پیشہ ورانہ مہارت سے 50 سالہ نامعلوم شخص کی ڈیڈ باڈی نہر سے نکال کر پولیس کے حوالے کر دی۔

مزیدخبریں