لاہور ہائیکورٹ نے چئیرمین پی سی بی کا انتخاب کروانے کی اجازت دیدی۔ جسٹس انوار حسین نے تمام دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کے خلاف حکم امتناعی واپس لے لیا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بنائے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا دیا، پی سی بی الیکشن کمشنر نے غیر آئینی اقدام کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کےنوٹیفیکیشن کوکالعدم قرار دیا اور غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے نیابورڈ آف گورنرز تشکیل دیا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ پی سی بی الیکشن کمشنر کا ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیر آئینی قرار دیاجائے اور عدالتی فیصلےآنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دیاجائے۔جسٹس انوار حسین نے چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کے خلاف تمام درخواستیں یکجا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردیں۔