وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے چینی سفارتخانے کی ناظم الامور کی ملاقات

Jul 03, 2023 | 15:09

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفارتخانے کی ناظم الامور پینگ چنکسو نے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ پیر کووزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے چینی ناظم الامور کو آئی ایم ایف کے ساتھ 9ویں جائزے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بتایا کہ پاکستان اسٹاف لیول کے معاہدے پر کامیابی سے پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے چین کی حمایت کو سراہا اور خاص طور پر گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان کے ساتھ چینی مالیاتی اداروں کے تعاون پرشکریہ بھی ادا کیا۔ناظم الامور پینگ چنکسو نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مشکل معاشی حالات کے باوجود ملک میں معاشی استحکام لانے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔انہوں نے وزیر خزانہ کو مزید یقین دلایا کہ چینی حکومت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی۔دونوں فریقوں نے اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کوبڑھانے کے لئے دستیاب طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے ساتھ تعاون پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں