شدید گرمی، طویل لوڈشیڈنگ، عوام مشتعل، کامونکی میں ایکسیئن آفس کا گھیراؤ، عملہ تالے لگا کر فرار

Jul 03, 2024

اسلام آباد+ کامونکی (آئی این پی+ نمائندہ خصوصی) شدید گرمی میں ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ بجلی کا شارٹ فال چھ ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ کئی علاقوں میں مرمت کے نام پر6 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ بجلی کی طلب 27 ہزار میگاواٹ جبکہ پیداوار 21 ہزار میگاواٹ ہے۔ پاور ڈویژن کا دعوی ہے کہ ملک بھر میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی، نقصانات کے حساب سے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ دریں اثنا شدید لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے لگا۔ گزشتہ روز عوام بڑی تعداد میں گیپکو سب ڈویژن کامونکی ایکسیئن آفس کے باہر اکٹھے ہونا شروع ہوئے تو دفتر کا عملہ مین گیٹ کو تالے لگا کر بھاگ گیا۔ گیپکو ترجمان نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بجلی کی قیمتیں حکومت کے احکامات پر بڑھائی جاتی ہیں اور بل کی عدم ادائیگی پر میٹر اگر وہ نہیں کاٹتے تو انہیں جرمانے اور سزائیں دی جاتی ہیں۔

مزیدخبریں