چیچہ وطنی+ کسووال (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) چک 10/11L میں دو بچیوں کی مشتبہ ہلاکت ہوئی جبکہ والدین سمیت تین افراد کی حالت تشویش ناک ہو گئی۔ ورثاء کے مطابق بچوں کی موت ائیرکنڈیشنڈ کمرہ میں سونے کے دوران زہریلی گیس کی بدبو سے ہوئی۔ بچوں کے والد نے گھر کے ایک کمرہ میں کریانہ کی اشیاء کا سٹاک جمع کر رکھا تھا۔ ورثاء نے قانونی کارروائی کرانے سے انکار کر دیا جبکہ پولیس تھانہ صدر اور محکمہ فوڈ کی ٹیمیں بچیوں کی موت کے بارے میں حتمی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکیں۔ بچیوں کی ہلاکت کا معاملہ معمہ بن گیا۔ مرنے والی دو سگی بہنیں 2 سالہ زہرہ اور 9 ماہ کی عمارہ ہیں جبکہ والد شرافت علی، والدہ آسیہ بی بی اور بھائی محمد احمد کی حالت بھی غیر ہو گئی۔ کسووال سے نامہ نگار کے مطابق دونوں بچیاں گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیوں کی بدبو پھیلنے سے جاں بحق ہوئیں۔