سائبر دہشت گردی بڑا چیلنج ہے:ڈاکٹر طاہرالقادری 

Jul 03, 2024

لاہور( نیٹ نیوز)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے مرکزی راہ نماؤں، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس اور فورمز کے صدور و سیکرٹری جنرلز کی سوشل میڈیا تربیتی ورکشاپ سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ذرائع ابلاغ کو دعوتِ دین کے فروغ کیلئے استعمال کیا جائے۔ سائبر دہشتگردی آج کے دور کا بڑا چیلنج ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی خطرناک شکل اختیار کر چکی ہے۔ سوشل میڈیا پر حقائق مسخ کر کے پیش کرنا، کسی کے موقف میں تحریف کرنا اور اسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا، کسی کا تمسخر اڑانا اور تصاویر یا ویڈیوز میں تضحیک آمیز ردوبدل ناجائز اور گناہ ہے۔ سوشل میڈیا استعمال کرنے والے مذاق ہی مذاق میں اپنے ایمان اور اخلاق سے نہ کھیلیں۔ سوشل میڈیا ورکشاپ سے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، ڈائریکٹر تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوم، ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے سوشل میڈیا کی مختلف جہتوں اور ٹیکنیکس پر اظہار خیال کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، نائب ناظمین اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس، انجینئر محمد رفیق نجم، جواد حامد نے خصوصی شرکت کی۔ سوشل میڈیا ورکشاپ میں عبدالستار منہاجین نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور دیگر سوشل ٹولز سے راہ نمائی حاصل کرنے پر لیکچر دیا۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر متحرک لوگ کبھی بھی اخلاق اور کردار سے گری ہوئی کوئی بات نہ کریں۔ سوشل میڈیا دو دھاری تلوار ہے۔ 

مزیدخبریں