دوحہ (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور افغان عبوری حکومت کے نمائندوں کے درمیان دوحہ میں غیر معمولی ملاقات ہوئی۔ افغان عبوری وفد دوحہ میں بھارتی وفد سے بھی ملاقات کر چکا ہے۔ پاک افغان وفود کی ملاقات پاکستانی سفیر محمد اعجاز کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ ملاقات میں پاکستانی وفد کے سربراہ آصف درانی اور کابل میں پاکستانی ڈپٹی ہیڈ آف مشن عبدالرحمن نظامانی شریک تھے۔ طالبان کی عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغان وفد کی قیادت کی۔ ملاقات سازگار ماحول میں ہوئی اور مثبت رہی۔ عبوری حکومت کے وفد نے کانفرنس میں افغان مؤقف کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ افغان عبوری حکومت نے پاکستانی حمایت کو عوامی سطح پر سراہا۔ پاکستانی سفیر نے کہا پاکستان افغانستان کے درمیان بہت کچھ مشترک ہے، امن کی خواہش دونوں طرف موجود ہے۔
دوحہ: پاکستانی وفد سے افغان نمائندے کی ملاقات: کانفرنس میں موقف کی حمایت پر اظہار تشکر
Jul 03, 2024