اسلام آباد (وقائع نگار) الیکشن کمشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کو 29 اگست تک گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ منگل کو الیکشن کمشن آف پاکستان سے جاری بیان کے مطابق سیاسی جماعت مالی سال کے اختتام کے ساٹھ دن کے اندر کمشن کو اپنے گوشوارے فارم -ڈی پر چارٹرڈ اکائونٹنٹ کے ذریعے درج ذیل تفصیلات کے ساتھ پیش کرے گی۔ ان میں سالانہ آمدنی اور اخراجات، فنڈنگ کے ذرائع، اثاثے اور واجبات شامل ہیں۔ الیکشن کمشن کو پیش کی جانے والی تفصیلات سیاسی جماعت کی آڈٹ رپورٹ جو چارٹرڈ اکائونٹنٹ کی طرف سے جاری کی گئی ہو اور پارٹی سربراہ کی جانب سے مجاز عہدیدار سے دستخط شدہ ہو، فارم -ڈی کے ساتھ یکم جولائی2023 ء سے30 جون2024 ء کی مدت کے لیے ہر بنک سٹیٹمنٹ کی کاپی کے ساتھ بیک ریکنسلیشن سٹیٹمنٹ بھی مہیا کرنا ہو گی۔ مذکورہ سٹیٹمنٹ فارم بنام سیکرٹری الیکشن کمشن آف پاکستان، شاہراہ دستور، سیکٹر جی فائیو/ ٹو اسلام آباد پر پارٹی عہدیدار کے ذریعے پہنچایا جائے گا، جو کہ الیکشن رولز 2017 ء کے قائدہ156 کے مطابق پارٹی سربراہ کی طرف سے باقاعدہ طور پر مجاز ہو۔ ڈاک، ٹیکس، کور بیئر سروس یا کسی اور طریقے سے موصول ہونے والی دستاویزات قبول نہیں کی جائیں گی۔