اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مضبوط تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا پاکستان کا مرکزی ترقیاتی شراکت دار ہے۔ معاشی تعلقات میں اضافہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ یہ بات انہوں نے کینیڈا کی ہائی کمشنر لیسلی سکینلون سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے مابین دوطرفہ تعلقات، حکومت پاکستان کے معاشی اقدامات سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ کینیڈا کی ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر اطلاعات کو وزارت اطلاعات کے ساتھ ثقافت و قومی ورثہ کا اضافی قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ عطاء تارڑ نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔