ملک سیاسی جماعتوں کے ذریعے ہی چل سکتا، بحیثیت قوم رویوں پر نظرثانی کرنی چاہئے: رانا ثناء

Jul 03, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) و مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں ہی ملک کو آگے لے جاسکتی ہیں۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک سیاست اور سیاسی جماعتوں سے ہی چلتا ہے، ہم نے ان چیزوں کا نام سیاست کیوں رکھ دیا جن کی وجہ سے کوئی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا، اگر جھوٹ بولا جاتا ہے تو ہم کہتے ہیں کہ یہ سیاست ہے۔ کسی سے زور زبردستی ہوتی ہے تو ہم کہتے ہیں سیاست ہورہی ہے، ہمیں اس بیانیے کو ختم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم اپنے رویوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے، ہم میں بہت اچھی روایات ہیں لیکن جو ہمارے منفی رویے ہیں ان پر احتسابی جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں چھوٹے چھوٹے ملکوں کے بڑے بڑے دستے جاتے ہیں اور پاکستان سے صرف 3، 4 لوگ گئے ہیں، وہ بھی اپنے بل بوتے پر گئے ہیں، ندیم اشرف بھی یہاں تک خود پہنچا ہے اس میں کسی فیڈریشن کا کوئی تعلق ہے۔ ایونٹس میں، میڈل ملنا یا نہ ملنا بعد کی بات ہے، مگر کوالیفائی کروانا تو فیڈریشن کی ذمہ داری ہے، جو فیڈریشن اس قابل نا ہو کہ وہ لوگوں کو کوالیفائی کروا سکے تو انہیں جگہ چھوڑ دینی چاہیے، اربوں کا خرچہ ہے، ایک کھلاڑی کے ساتھ سرکاری خرچے پر 13 لوگ جاتے ہیں، اب میں نے یہ کردیا ہے کہ لوگ اپنے خرچے پر وہاں جائیں گے۔

مزیدخبریں