اسلام آباد (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ ومواصلات عبدالعلیم خان سے روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کیلئے روس معاشی اور جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے، وسط ایشیائی ممالک اور جنوبی ایشیا کے ملکوں کے مابین رابطے اہمیت کے حامل ہیں، تجارتی فروغ کیلئے روس اور سینٹرل ایشیا کو کراچی پورٹ سے منسلک کرنے کے خواہاں ہیں۔ دو طرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ عملی پیشرفت پر اتفاق ہوا۔ وفاقی وزیر نے روس کے سفیر کو اپنے حالیہ دورہ سینٹرل ایشیا سے آگاہ کیا۔ پاکستان میں تعینات روسی سفیر البرٹ ہی خوریف نے کہا ہے کہ روس پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور تجارتی راہداری کے طور پر تاجکستان، ازبکستان اور افغانستان کے راستے پاکستان تک زمینی رابطہ استوار کرنے کا بھی خواہاں ہے۔ جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور روس کے مابین روڈ نیٹ ورک اور مختلف ممالک سے منسلک زمینی راستوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس سے پاکستان سے روس تک ٹریڈ اور کارگو میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہو سکتا ہے۔ روسی سفیر نے کہا پاکستان کو مختلف منصوبوں میں مالی اور تکینکی معاونت فراہم کرنے کے خواہشمند ہیں۔ پاکستان کے ساتھ سٹرٹیجک پارٹنر کے طور پر کرنا چاہتے ہیں۔ کراچی سے ماسکو تک دو طرفہ فلائٹ آپریشن کے حوالے سے ممکنات پر غور کیا گیا۔