یو این رپورٹ: بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری، مقدمات داخلی معاملہ، پاکستان: کئی مقدمات میں ریلیف ملا، شفاف، منصفانہ ٹرائل عدالتی نظام کا مظہر، وزیر قانون

Jul 03, 2024

اسلام آباد+ نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے عمران خان کی گرفتاری اور زیرالتوا مقدمات پر اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے اسے  پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دے دیا۔  اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خود مختار ریاست کے طور پر پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پر عمل ہوتا ہے۔ آئین، قانون اور عالمی اصولوں سے ماورا کوئی بھی مطالبہ امتیازی، جانبدارانہ اور عدل کے منافی کہلائے گا۔ بانی پی ٹی آئی  ایک سزا یافتہ قیدی کے طور پر جیل میں ہیں، انہیں ملکی آئین و قانون اور عالمی اصولوں کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں، کئی مقدمات میں انہیں ریلیف ملنا شفاف اور منصفانہ ٹرائل عدالتی نظام کا مظہر ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ورکنگ گروپ نے بانی پی ٹی آئی کی حراست کا فیصلہ من مانی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف وزری قرار دے دیا۔ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے خلاف ذلفی بخاری کی نامور لاء فرم کے ذریعے اقوام متحدہ میں دائر پٹیشن پر یو این ورکنگ گروپ کی قانونی رائے سامنے آئی ہے جس میں بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ورکنگ گروپ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کا کوئی قانونی جواز نہیں، بظاہر اس کا مقصد انہیں نااہل کرنا تھا۔ رپورٹ میں حکومت سے ورکنگ گروپ کو پاکستان کے دورے اور بانی پی ٹی آئی کی قید میں حالات کی آزادانہ تحقیقات کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

مزیدخبریں