بالائی علاقوں میں بارشیں، آج سے تمام بڑے دریاؤں میں پانی میں اضافے کا امکان 

اسلام آباد(وقائع نگار )این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر اور فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن(ایف ایف ڈی)کی دریاؤں کے آبی بہا ؤسے متعلق رپورٹ کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث 3 جولائی سے تمام بڑے دریاؤں اور ان کے معاون دریاؤں میں پانی میں اضافے کا امکان ہے، جبکہ دریائے چناب کے مقام مرالہ اور اسکی ڈاون اسٹریم علاقوں اور دریائے کابل میں نوشہرہ اور اس کی معاون ندیوں / نالے میں 4 جولائی سے 7 جولائی کے دوران درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔عوام سے گزارش ہے کہ وہ حالات سے باخبر رہیں اور سیلاب کی صورت حال، موسم کی رپورٹس اور اپ ڈیٹس پر کڑی نظر رکھیں، ہدایات پر عمل کریں، مقامی حکام کی جانب سے احکامات جاری ہونے پر فوری طور پر انخلا کریں، سیلابی پانی سے اپنے آپ کو بچائیں، سیلابی پانی جراثیم کی موجودگی کے باعث مختلف بیماریوں اور بجلی کے تاروں کے ٹوٹنے کے باعث کرنٹ لگنیکا سبب بن سکتا ہے۔ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے مکین اپنے خاندان کے ساتھ انخلا کے منصوبے تیار کریں، محفوظ مقام کی نشاندہی کریں، اور ضروری سامان کے ساتھ ہنگامی کٹ کی تیاری بھی یقینی بنائیں۔ مسافروں سے التماس ہے کہ وہ شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔این ڈی ایم اے وفاقی اور صوبائی محکموں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ اس ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور تیاریوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

ای پیپر دی نیشن