اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان میں جاپان کے سفیر، واڈا متسوہیرو، نے ٹیلی کام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوماتسو پاکستان سافٹ(کے پی ایس) کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کوماتسو جاپان کا عالمی معیار کا تعمیراتی سازوساما ن بنانے والا عالمی رہنما مینوفیکچرنگ اور تکنیکی جدت کا حامل ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان میں تیزی سے یہ پہچانا جا رہا ہے کہ پاکستان آئی ٹی انسانی وسائل کا خزانہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاپان کی آبادی 2011 سے کم ہو رہی ہے اور مستقبل میں آئی ٹی کے شعبے میں 5 لاکھ انسانی وسائل کی کمی ہوگی۔ وہ منگل کو کوماتسو پاکستان سافٹ کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کیپٹن (ر) محمد محمود، کوماتسو پاکستان سافٹ کے صدر تاکاشی مایاسیتا سان، ایم ڈی کوماتسو پاکستان سافٹ خالد یعقوب، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے چیف نمائندہ نوکائی میاتا، پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ ذیشان خٹک، پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین ذوہیب خان سمیت آئی ٹی شعبہ کے نامور اداروں کے نمائندے تقریب میں شریک تھے۔ایم ڈی کوماتسو پاکستان سافٹ خالد یعقوب نے شرکا کو بتایا کہ کوماتسو گروپ آف کمپنیز جاپان کی ایک ذیلی کمپنی ہے۔ ہم انٹرپرائز سافٹ ویئر ایپلی کیشن حل، آئی ٹی مشاورت، اور آٹ سورسنگ خدمات میں مہارت رکھتے ہیں۔
پاکستان آئی ٹی انسانی وسائل کا خزانہ ہے ، جاپانی سفیر واڈا متسوہیرو
Jul 03, 2024