پاک ایران علمی و ثقافتی مکالمے پردوسری عالمی کانفرنس کا افتتاحی سیشن

اسلام آباد(خبرنگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ہائرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے باہمی تعاون سے پاک۔ایران علمی و ثقافتی مکالمے پردوسری انٹرنیشنل کانفرنس کا افتتاحی سیشن منعقد ہوا ، جس کی صدارت چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کی۔ کانفرنس میں ایران کی 6جامعات کے سربراہان، وائس چانسلر جامعہ ادیان و مذاہب ایران، پروفیسر ڈاکٹر سید ابو الحسن نواب کی سربراہی میں وفود سمیت شرکت کررہے ہیں۔ یہ کانفرنس دو روز جاری رہے گی جس میں مختلف سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمدنے کہا کہ ایران صدیوں سے علم، ثقافت اور تہذیبی ورثے کا امین رہا ہے۔ پاکستان اور ایران کو ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ مسلم ممالک کو باہمی تضادات کو ایک طرف رکھ کر مشترکہ مسائل کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے ایران پاکستان تعلقات کو تعلیمی و ثقافتی اشتراک سے مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ ہمیں تعلیم، سائنس اور علم کو تباہی کی بجائے انسانیت کی بھلائی کے لئے استعمال کرنا چاہیئے۔ایرانی وفد کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سید ابوالحسن نواب نے کہا کہ ہم ایک خدا، ایک نبی اور ایک قرآن پاک کو ماننے والے ہیں۔ مسلم ممالک کو تعلیم، ثقافت، علم ، معاشی ، سائنسی شعبوں سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہیئے۔

ای پیپر دی نیشن