عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ سے بری

Jul 03, 2024 | 12:24

 پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید سمیت دیگر کو تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ سے بری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے پر تھانہ آبپارہ میں درج مقدمات کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، بریت پر محفوظ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے سنایا، اپنے فیصلے میں عدالت نے پی ٹی آئی قائد عمران خان ، وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو مقدمے سے بری کردیا، اس کے علاوہ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سینیٹر فیصل جاوید خان اور رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کو بھی بری کر دیا گیا جب کہ سیشن کورٹ اسلام آباد نے رکن قومی اسمبلی خرم نواز کو بھی مقدمے سے بری کردیا۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو آزادی مارچ اور توڑ پھوڑ کے دو کیسز میں بھی ریلیف مل گیا، آزادی مارچ، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور توڑ پھوڑ کیسز میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی، اسد عمر، علی محمد خان ، مراد سعید کو سیشن عدالت نے بری کردیا، اس حوالے سے جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج نو مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بریت کے معاملے پر جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے سابق وزیراعظم کی بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، اپنے فیصلے میں عدالت نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی کو تھانہ شہزاد ٹاؤن کے دونوں مقدمات سے بری کر دیا، اس کیس میں وکلاء مرزا عاصم بیگ اور نعیم پنجوتھہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بریت پر دلائل دیئے تھے۔

مزیدخبریں