'کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس چیک پوسٹ پرحملہ، 2 اہلکار شہید، 2 زخمی

 صوبہ سندھ کے شہر کندھ کوٹ کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر ڈاکوؤں نے حملہ کرکے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید اور 2 کو زخمی کردیا، پولیس اور رینجرز کی جوابی کارروائی میں بدنام زمانہ ڈاکو مہیندرو بھیو ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ صبح سویرے پیش آیا جس میں کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے میں ددڑ چیک پوسٹ پر ڈاکوؤں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے، ڈاکو فائرنگ کرنے کے بعد کچے کی طرف فرار ہو نے میں کامیاب ہوگئے جب کہ شہید اہلکاروں میں نثار احمد اور اللہ ڈنو سبزوئی شامل ہیں، زخمیوں کی شناخت زاہد حسین نصیرانی اور محمد انور کے نام سے ہوئی، لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ جوابی کارروائی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کرنے کچے کے علاقے میں پہنچی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں بدنام زمانہ ڈاکو مھیندرو بھیو مارا گیا، ڈاکو اغوا اور قتل کے واقعات میں مطلوب تھا، ہلاک ڈاکو نے 6 دن قبل تین تاجروں کو بھی اغوا ء کیا، پولیس اور رینجرز کی جوابی کارروائی میں 3 ڈاکو زخمی بھی ہوئے۔ چند روز قبل کچے کے علاقے روانتی میں پولیس اور رینجرزکے مشترکہ آپریشن میں 2 ڈاکو ہلاک اور 2 زخمی ہوئے تھے، جن کی شناخت محب اور توڈو شر کے ناموں سے ہوئی، ہلاک ہونے والے دونوں خطرناک ملزمان پولیس کو سنگین نوعیت کے مقدمات میں انتہائی مطلوب تھے، ڈاکوؤں سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، اس آپریشن کے دوران ملزمان اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی، جس کے بعد پولیس نے ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانوں کو مسمار کرکے نذر آتش کیا۔

ای پیپر دی نیشن