ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق خفیہ رپورٹ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بھجوا دی ہے۔ رپورٹ میں گیری کرسٹن نے کھلاڑیوں کے نظم و ضبط، ذہنیت اور کھیل کے بارے میں آگاہی کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ ہیڈ کوچ نے رپورٹ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھی سوالات اٹھائے۔ ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن نے ناقص کارکردگی کی وجوہات تفصیلی طور پر بیان کی ہیں، انہوں نے کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور کھیل سے آگاہی پر تفصیلی لکھا۔ 57 سالہ گیری کرسٹن نے ٹیم میں بہتری لانے کے لیے تجاویز دی ہیں، رپورٹ میں وہی پوائنٹس ہیں جس کا انہوں نے اپنی تقریر میں ذکر کیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی گیری کرسٹن کی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں، رپورٹس کی روشنی میں محسن نقوی بورڈ عہدیداران اور سابق کرکٹرز سے مشاورت بھی کریں گے۔ذرائع کے مطابق مشاورت مکمل ہونے پر مستقبل سے متعلق فیصلے ہوں گے۔ سینئر مینجر وہاب ریاض چند روز قبل اپنی رپورٹ جمع کرا چکے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی ٹیم حال ہی میں منعقدہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں ہی باہر ہوگئی تھی، قومی ٹیم کو بھارت اور امریکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔