وادی ہنزہ کی عطاء آباد جھیل میں پانی کی سطح مسلسل بڑھنے سے اخراج میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ جھیل میں اس وقت پانی کی آمد تین ہزارآٹھ سوکیوسک جبکہ اخراج دوہزارچھ سو کیوسک ہے ۔ سپل وے کے ذریعے چوبیس سو کیوسک جبکہ دوسوکیوسک پانی چھوٹے نالوں کے ذریعے جھیل سے خارج ہو رہا ہے ۔ اخراج کے باعث پانی کا کٹاؤ پندرہ میٹرتک بڑھ چکا ہے اور اس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق آج سپل وے کے راستے پانی کا ایک بڑا ریلہ گذرنے کا امکان ہے ۔ جھیل نے چوبیس کلومیٹر تک علاقے کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ دوسری جانب ہنزہ نگرکے قصبے مرتضٰی آباد کے پہاڑوں میں دراڑیں پڑنے کے باعث بڑے پیمانے پرلینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ مقامی انتظامیہ نے مرتضٰی آباد کو خطرناک علاقہ قراردے کر لوگوں کو وہاں سے نکال لیا ہے۔ ہنزہ میں آج موسم ابرآلود اور مزید بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ خراب موسم کے باعث ہیلی سروس متاثرہوسکتی ہے۔ ادھر شاہراہ قراقرم کی مسلسل بندش سے تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثرہوئی ہیں ، تقریباً بیس ہزار ٹن تجارتی سامان سوست کے علاقے میں پھنسا ہوا ہے اورشاہراہ قراقرم پرکھڑی سینکڑوں گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔