حکومت سندھ نے ممکنہ سمندری طوفان اور بارشوں کے پیش نظرکراچی، ٹھٹھہ ، بدین سمیت دوسرے ساحلی اضلاع میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔

Jun 03, 2010 | 18:59

سفیر یاؤ جنگ
سندھ کے ساحلی اضلاع میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا فیصلہ وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا،جس میں کمیٹی کے ارکان اور صوبائی وزراء نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ساحلی اضلاع میں عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کراچی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہر میں برساتی نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کی جائے ، وزیراعلیٰ نے بدین، ٹھٹہ اور کراچی کے ساحلی علاقوں میں امدادی کشتیاں،  لائف جیکٹس  فراہم کرنیکی بھی کی ہدایت کی ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ساحلی علاقوں میں فوری طورپر ریلیف کیمپ قائم کئےجائیں گے ۔ ادھرصوبائی وزراء ڈاکٹر صغیراحمد اور زاہد بھرگڑی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹھٹھہ ، بدین اورکراچی میں طوفانی بارشوں اور سمندری طوفان کے پیش نظرہنگامی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں ، ساحلی علاقوں سے بیس ہزارسے زائد افراد  کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ چالیس سے پچاس ہزار افراد کو  منتقل کرنے کے لئے سول انتظامیہ کے ساتھ فوج کے ادارے بھی شریک ہیں۔
مزیدخبریں