بحیرہ عرب میں آنے والے سمندری طوفان پیٹ کی شدت میں کمی آگئی، طوفان تیزی سے پاکستان کی طرف بڑھنے لگا۔  

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان آج کسی بھی وقت عمان کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ جس کے بعد اس کا رخ پاکستان کے ساحلی علاقوں کی جانب ہوجائے گا۔ طوفان ایک سو بیس ناٹیکل مائیل فی گھنٹہ کی رفتار سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔ محکنہ موسمیات کے مطابق طوفان جب پاکستان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا تو اس کے بعد تیز بارش ہوسکتی ہے۔ ادھر سمندری طوفان کے پیش نظر ساحلی علاقوں سے ساٹھ ہزار کے قریب لوگوں کی ریلیف کیمپوں میں منتقلی شروع کردی گئی ہے جبکہ ان علاقوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ ریلیف کیمپ سرکاری سکولوں میں بنائے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں پاک بحریہ کے ترجمان کمانڈرسلمان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں پاک بحریہ مکمل طورپر الرٹ ہے۔ دوسری طرف حکومت سندھ نے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے ریونیو، صحت، لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ سندھ کے ساحلی اضلاع میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔  وزیراعلیٰ نے بدین، ٹھٹہ اور کراچی کے علاقوں میں امدادی کشتیاں، لائف جیکٹس اور دیگر متعلقہ سامان فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ 

ای پیپر دی نیشن