لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک کی نااہلی کی درخواست پر سماعت دس جون تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار سے کہا ہے کہ وہ ثابت کرے کہ وہ متاثرہ فریق ہے۔

لاہورہائی کورٹ میں جسٹس شیخ عظمت سعید کی عدالت میں چیئرمین سینیٹ کی نااہلی کیس میں درخواست گزارمحمد محفوظ کا مؤقف تھا کہ چیئرمین سینٹ نے وزیر داخلہ رحمان ملک کے خلاف نااہلی کا ریفرنس نہ بھیج کر آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل نوید عنایت ملک نے عدالت کو بتایا کہ آئین کی اٹھارہویں ترمیم کے تحت چیئرمین سینیٹ کواختیار ہے کہ وہ کسی رکن کے خلاف ریفرنس روک لے۔ انہوں نے عدالت کوبتایا کہ وزیر داخلہ کے خلاف ریفرنس بے بنیاد ہے۔ عدالت نے درخواست گزار سے کہا کہ وہ متاثرہ فریق ہونا ثابت کرے۔ صدر نے وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک کی ایف آئی اے سے برخاستگی کو ریٹائرمنٹ میں تبدیل کردیا تھا۔ کیس کی آئندہ سماعت دس جون کو ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن