مہندرا راجا پاکسے کرکٹ اسٹیڈیم ہمبن ٹوٹا میں کھیلے جانے والے میچ میں کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام رہی اور صرف اکتالیس رنزپرکپتان سمیت چار بلےباز آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ احمد شہزاد چھ ، خالد لطیف ایک اور عمر اکمل صرف پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ کپتان محمد حفیظ نے چوبیس جبکہ شعیب ملک نےستائیس رنز کی اننگز کھیلی۔ آل راؤنڈر شاہد آفریدی شاندار کھیلتے ہوئے تینتیس گیندوں پرباون رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے کولاسیکارا اور لوکو آراچی نے دو، دو وکٹیں لیں۔ ایک سو تیئس رنز کے تعاقب میں سری لنکن بلےباز پہلے میچ کی طرح اس بار بھی پاکستانی باؤلرز کا سامنا نہ کرسکے اور وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔ پوری میزبان ٹیم ہدف کےتعاقب ننانوے رنز ہی بنا سکی اور یوں میچ تیئس رنز سے پاکستان نے جیت لیا۔ شاہد آفریدی نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سمیع نے تین اور یاسر عرفات نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہد آفریدی کو آل راؤنڈر کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔