لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے پارٹی قیادت نے سپیکر کےلئے میرے نام پر غور کیا تھا لیکن شہباز شریف نے فیصلہ کیا ہے مجھے انکے ساتھ کام کرنا چاہئے ‘ پنجاب کابینہ آئینی گنجائش 11فیصد سے بھی زیادہ مختصر ہو گی اور مجھے کس وزارت کا قلمدان سونپا جاتا ہے اسکا فیصلہ قیادت نے کرنا ہے، ہمیں امید ہے اپوزیشن اپنا مثبت ذمہ دارانہ کردار ادا کر یگی اور سابقہ اپوزیشن کی طرح غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا جا ئےگا۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا میں نے اپنی ذات کے لئے کبھی کوئی خواہش اور ذاتی رائے نہیں رکھی۔ انہوں نے کہا پنجاب اسمبلی میں ہماری اکثریت ہے لیکن اسکے باوجود اپوزیشن کی طرف سے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے عمل میں مقابلہ کرنا جمہوری عمل کا حصہ اور اچھی روایت اور نیک شگون ہے۔