گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی مستعفی‘ استعفی صدر کو بھجوا دیا

Jun 03, 2013

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ این این آئی) گورنر بلوچستان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔ نواب ذوالفقار مگسی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت آصف علی زراری کو بھیج دیا۔ گورنر بلوچستان کی اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کی سرکاری ذرائع نے تصدیق کر دی ہے۔ این این آئی کے مطابق بات چیت کے دوران جب نواب ذوالفقار علی مگسی سے پوچھا یا ان کے استعفیٰ کی کوئی خاص وجہ ہے تو انہوں نے کہا کوئی خاص وجہ نہیں ہے نئی حکومت وجود میں آ چکی ہے اور یہ پروٹوکول بنتا ہے کہ نئی حکومت اپنے گورنر مقرر کرے۔ اس لئے میں نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا پہلے ایسی کوئی روایت نہیں تو انہوں نے کہا جب ہم جمہوریت کی بات کرتے ہیں تو اس پر عمل بھی ہونا چاہئے۔ میں آج اپنے دفتر جاﺅں گا اور اپنے سٹاف سے الوداعی ملاقات کروں گا۔ اے پی اے کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے فی الحال استعفےٰ کی وجہ تو نہیں بتائی گئی البتہ نوازشریف کی جانب سے مری میں اعلان کیا گیا گورنر بلوچستان پختونخوا ملی عوامی پارٹی میں سے ہوگا جس کی بنا پر ہوسکتا ہے ذوالفقار علی مگسی نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہو۔نواب ذوالفقار مگسی 5سال تک اپنے عہدے پر فائز رہے۔واضح رہے نواب ذوالفقار مگسی نے 2سال قبل گورنر شپ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم وفاقی حکومت نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا۔ نواب ذوالفقار مگسی پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں۔ وہ گورنر شپ کے بعد کسی سرکاری عہدے کو قبول نہیں کریں گے بلکہ پردے کے پیچھے رہ کر سیاست کریں گے۔نواب ذوالفقار مگسی نے کہا نئی حکومت آئی ہے وہ اپنا گورنر تعینات کریگی، صوبے میں نئی حکومت آئی ہے جو امید ہے حالات بہتر کریگی۔ قومیت پرست جماعتوں کا الیکشن میں حصہ لینا خوش آئند ہے، گڈ گورننس نئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے۔

مزیدخبریں