لاہور(سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی امپائر اسد روف کی مبینہ آئی پی ایل میچ اور سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی تحقیقات چیمپیئنز ٹرافی کے اختتام تک روک دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی حکام نہیں چاہتے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے آخری ایونٹ میں کسی قسم کی خبریں میڈیا کی زینت بنیں۔ دوسری جانب آئی سی سی نے اپنے اینٹی کرپشن یونٹ کو آئی پی ایل میں منظر عام پر آنے والے میچ اور سپاٹ فکسنگ کیس کی معلومات اکھٹی کرنے کی ہدایات کر رکھی ہیں۔ بھارتی پولیس اگر اس سلسلہ میں پاکستانی امپائر کو تحقیقات کے لیے بلاتی ہے تو اس روشنی میں آئی سی سی حکام ایلیٹ پینل کے پاکستانی امپائر سے پوچھ گچھ کرئے گی۔ واضح رہے کہ آئی سی سی نے آئی پی ایل سکینڈل کے بعد پاکستانی امپائر اسد روف کو چیمپیئنز ٹرافی کے امپائر پینل سے دستبردار کر لیا تھا۔ آئی سی سی کا موقف تھا کہ انہوں نے یہ اقدام کرکٹ کھیل اور اسد روف کی بہتری کے لیے اٹھایا ہے۔