نواز، فضل الرحمن ملاقات آج ہوگی، جے یو آئی سپیکر‘ ڈپٹی سپیکر کیلئے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیگی

Jun 03, 2013

لاہور+اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+وقائع نگار خصوصی) جمعیت علماء اسلام (ف) نے قومی اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو خیرسگالی کے جذبہ کے تحت ووٹ دینے کا فیصلہ کےا ہے تاہم مسلم لیگ (ن) نے جے ےو آئی کی ترجیحات کا ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔ حکومت سازی کے معاملہ پر میاں محمد نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے درمےان آج ملاقات ہوگی جبکہ جمعےت علما ءاسلام (ف) اس ملاقات کے بعد حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ 4 جون کو کرے گی۔دریں اثناءلاہور میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حلف وفاداری کے ساتھ اسمبلی نے نئے سفر کا اغا ز کر دیا ہے اور آنے والی حکومت سے عوام نے بڑی توقعات وابستہ کی ہیں، جے یو آئی جمہوریت کی گاڑی کو کسی رکاوٹ کے بغیر چلنے میں ہر ممکن کردار ادا کرے گی، اس مو قع پر مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا محمد امجد خان،ملک سکندر خان ایڈووکیٹ،مفتی ابرار احمد اور دیگر موجود تھے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک اس وقت بڑے بڑے بحرانوں کا شکار ہے تنہا کوئی بھی جماعت ان بحرانوں کا خاتمہ نہیں کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اکثریتی جماعت ہے لیکن اس سے بھی مشاورت سے فیصلے کرنے ہوں گے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ مذاکرت میں ہم نے اپنی ترجیحات پیش کر دی ہیں رابطے جاری ہیں مثبت پیش رفت ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات جولائی میں نہ کرائے جائیں کیونکہ جولائی میں رمضان المبارک اور شدید گرمی ہوگی جس کی وجہ سے ٹرن اﺅٹ کم ہو گا انہوں نے کہ بجلی کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے حکومت سنگین مسئلے کے حل کے لیئے فوری اقدامات کرے۔

مزیدخبریں