کابل(این این آئی) افغان طالبان نے صدارتی انتخابات کے روز پولنگ سٹیشنز پر حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابی عمل سے دور رہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ 14 جون کو صدارتی انتخابات کے لئے دوبارہ انتخابات کے دوران پولنگ سٹیشنز کو نشانہ بنایا جائے گا لہٰذا عوام انتخابی عمل سے دور رہیں۔ 14 جون کو افغان عوام اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں گے اور اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ میں سے کسی ایک کو افغانستان پر اگلے 5 سالوں کے لئے حکومت کرنے کا حق دیں گے۔ واضح رہے کہ افغانستان میں 5 اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے سرکاری نتائج کے مطابق پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار کامیاب نہیں ہوا تھا۔