کراچی(کامرس رپورٹر) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت کے خلاف حالیہ تحریک کی وجہ سے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ہدایت کے بعد وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے آئندہ مالی سال یعنی 2014-15ء کے وفاقی بجٹ میں سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافہ اور سیمنٹ‘ سریئے‘ کاسمیٹکس‘ پینٹ‘ وارنش سمیت مختلف سامان پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کا فیصلہ واپس لے لیا ہے اور آئندہ مالی سال میں ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کے بجائے وصولیوں میں اضافہ اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ واضح رہے رواں مالی سال میں ٹیکس ریونیو کا ہدف 24 کھرب75 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا مگر 10 ماہ میں یہ17 کھرب85 ارب وصول ہوسکا ہے اور 30 جون 2014ء کے اختتام پر 19 کھرب 95 ارب روپے کے لگ بھگ وصول ہوپائیگا۔ اس طرح ہدف کے مقابلہ میں ٹیکس ریونیو میں 4کھرب80 ارب روپے کی کمی ہوگی۔ اس صورتحال میں ملک میں سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافہ اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میںاضافہ اور نفاذ اور دیگر ذرائع سے 450 ارب روپے سے زائد کی فاضل آمدنی کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس سے ملک میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس صورتحال میں حزب اختلاف کی جماعتوں کی طرف سے حکومت کے خلاف تحریک کے دوران لوگوں کا سڑکوں پر آنا ممکن ہوجاتا ہے جس سے بچنے کیلئے وزیراعظم نے وزیر خزانہ کوٹیکسوں کی شرح میں اضافہ سے روکدیا۔