نئی دہلی (آن لائن + بی بی سی) بھارت کی ریاست آندھرا پردیش پیر کو باضابطہ طور پر دو حصوں میں تقسیم ہو گئی ہے اور اس میں سے ملک کی 29ویں ریاست تلنگانہ بنی ہے جو دارالحکومت حیدر آباد کے آس پاس کے دس اضلاع پر مشتمل ہے لیکن حیدر آباد آئندہ دس برس کے لئے دونوں ریاستوں کا مشترکہ رہے گا۔ شہریوں کا جشن جاری ہے۔ دس سال کے عرصے میں آندھرا پردیش کو اپنا الگ دارالحکومت بنانا ہو گا۔ مقامی سیاسی جماعت تلنگانہ راشٹر سمیتی نے نئی ریاست کے قیام کے لیے گذشتہ 14 سال تک تحریک چلائی اور نئی ریاست میں اس کی پہلی حکومت ہو گی۔ گذشتہ سال جولائی میں مرکز میں کانگریس کی سربراہی میں حکمران اتحاد نے آندھرا پردیش میں نئی ریاست تلنگانہ کے قیام کی منظوری دی تھی۔ اس فیصلے پر اس وقت آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ کرن کمار ریڈی احتجاجاً اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔ آندھرا پردیش کے شمالی اضلاع بشمول حیدر آباد پر مشتمل تلنگانہ ریاست کے قیام کا مطالبہ 1956ء سے کیا جا رہا تھا۔