شیخوپورہ : بااثر افراد کی شادی شدہ خاتون سے اجتماعی زیادتی، تشدد، سرمونڈ دیا

Jun 03, 2014

لاہور+ شیخوپورہ+ فیروزوالا (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران+ نامہ نگار خصوصی) شیخوپورہ میں 7 بااثر افراد نے شادی شدہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد تشدد کرکے اسکا سرمونڈ دیا۔ علاوہ ازیں قصور میں 9 سالہ لڑکے اور شرقپور میں 14سالہ لڑکی ہوس کا شکار ہو گئی۔ دریں اثناء فیصل آباد سمیت متعدد شہروں میں 11سالہ بچی سمیت 9خواتین سے زیادتی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں 7 بااثر ملزمان نے شادی شدہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد تشدد کرکے اسکا سر مونڈ دیا۔ اقبال ٹائون میں گھر سے سبزی لینے کیلئے نکلنے والی شادی خاتون (ر)7  افراد اسلم، غلام مرتضیٰ، غلام فرید، ریاست  وغیرہ نے زبردستی اغوا کیا اور حویلی میں لیجا کر کئی گھنٹے اجتماعی زیادتی کرتے رہے۔ مزاحمت پر ملزمان نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کا سر مونڈ دیا، کئی گھنٹے منت سماجت کے بعد کوئی کاروائی نہ کرنے اور کسی کو نہ بتانے کی شرط پرچھوڑ دیا متاثرہ خاتون (ر) انصاف کیلئے ڈی پی او آفس پہنچ گئی۔ بعدازاں خاتون نے میڈیاکو بتایا کہ وہ ایک بچے کی ماں ہے  اور اس کا شوہر محنت مزدوری کرتا ہے۔ ملزمان انتہائی با اثر ہیں، اسے خطرہ ہے اسے اور اس کے بیٹے کو قتل کر دیا جائے گا۔ (ر) کی ساس کنیز فاطمہ نے میڈیاکو بتایا کہ بااثر ملزمان متعدد افراد کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔ ملزمان نے ایک سال قبل اسکی جوان بیٹی کو اغوا کیا تھا جو تاحال بازیاب نہیں ہو سکی۔ وزیراعلیٰ پنجاب انہیں انصاف دلائیں جبکہ دوسری طرف ڈی پی او شیخوپورہ افضال کوثر نے بتایا  تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کر کے 3ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا  ملزما ن جتنے بھی بااثر ہوں انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور ان کی گرفتاری کے لئے دوخصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ شہبازشریف نے شیخوپورہ میں خاتون پر تشدد اور اجتماعی زیادتی کے واقعہ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔قصور کے قصبہ مصطفی آباد میں اوباش نوجوان نے 9سالہ لڑکے کے ساتھ زیادتی کر ڈالی۔ ناصر علی نے بتایا کہ اسکا بھائی 9سالہ حمزہ سندھو شادی ہال میں کام کرتا ہے، وقوعہ کے روز کام سے چھٹی کرکے واپس آیا تھا کہ ملزم عثمان اسے قریبی کھیتوں میں لے گیا اور اسے ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ شرقپور میں اوباش نوجوان نے خاتون سے مل کر اسلحہ کے زور پر 14 سالہ غریب لڑکی سے زیادتی کر ڈالی جبکہ ملزم فرار ہو گیا۔ محلہ چاہ بدرے والہ کی 14 سالہ سندس والدہ کے ہمراہ گھر میں موجودہ تھی کہ زیبا نامی خاتون آئی اور کہنے لگی آپکی بیٹی کو گھر میں کام کاج کے سلسلے میں لے جا رہی ہوں جس پر وہ سندس کو ورغلاکر لے گئی جہاں ملزم خضر نے اسلحہ کے زور پر زبرستی زیادتی کر ڈالی، فرار ہوگیا۔ علاوہ ازیں فیصل آباد سمیت متعدد شہروں میں شادی شدہ خاتون سمیت 8 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا جبکہ ایک خاتون کو 8 افراد نے اغوا کرلیا۔ تھانہ گڑھ کے علاقہ کلیانوالہ کے محمد یٰسین کی اہلیہ(ن) کو ملزمان پیربخش وغیرہ چار افراد نامعلوم مقام پر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ مریدوالا چک211گ۔ب کے محمد حسین کی 15سالہ بیٹی(ن) کو ملزمان قیصر وغیرہ پانچ افراد نے گھر سے اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تھانہ سمن آباد کے علاقہ مظفرکالونی کی خاتون رشیدہ بی بی کی بیٹی(ر) کو ملزمان عمران بٹ وغیرہ نے گھر سے اغوا کے بعد مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تھانہ باہلک کے علاقہ پنڈی شیخ موسیٰ کی خاتون(ص) کو  اختر عباس وغیرہ دو افراد نے زبردستی گھر میں گھس کر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ سٹی جڑانوالہ کے علاقہ محلہ بلال گنج کی رہائشی ظہراں بی بی کو ملزمان رفیق نے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ مدینہ ٹاؤن کی رہائشی(ذ) کو ملزم عرفان نے زبردستی گھر میں گھس کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تاندلیانوالہ کے موضع کلیانوالہ میں 8 افراد نے ایک شادی شدہ عورت کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کی غرض سے اغوا کرلیا۔ فقیروالی میں پانچ اوباش نوجوانوں نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ جھنگ کے چک 505/506 علاقہ تھانہ کی مسماۃ (ش۔ب) کو گزشتہ رات وقاص نامی شخص نے قابو میں کرکے زبردستی اس کی عصمت دری کردی۔ جبکہ موضع بگڑی میں ملزم ذیشان نے مسماۃ (ع۔ب) کو قابو میں کرکے زبردستی اسے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پسرور میں پانچ اوباش نوجوانوں نے محنت کش اختر کے بیٹے سے باری باری زیادتی کی اور فرار ہو گئے۔

مزیدخبریں