لاہور(کامرس رپورٹر)جی ایس پی پلس کے حصول کے بعد پاکستان کی یورپین یونین کو برآمدات میں 30%فیصد اضافہ ریکار ڈ کیا گیا۔ سال2014 میں جنوری سے اپریل تک پاکستان کی یورپین یونین کو برآمدات میں 2013جنوری -اپریل کے مقابلے میں 572.21ملین امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق سال2014 میں جنوری سے اپریل تک پاکستان کی یورپین یونین کو برآمدات 2481.83ملین ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں پاکستان کی یورپین یونین کو برآمدات 1909.62ملین ڈالررہیں۔ یہ تفصیلات وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کو وزارت تجارت میں منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی سطح پر یہ حیران کن نتائج وزیر اعظم میاںنواز شریف کی خصوصی دلچسپی اور دور رس حکمت عملی سے ہی ممکن ہوئے۔وزیر اعظم کی قیادت میں موجودہ حکو مت کی کامیاب معاشی سفارت کاری کے ثمرات پاکستان کی عوام تک پہنچنا شراع ہو گئے ہیںاور ملک میں روزگار کے نئے مواقع ابھر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت تجارت جی ایس پی پلس کے قانونی تقاضے پورے کرنے کیلئے مختلف وفاقی وزارتوں اور چاروں صوبوں کے متعلقہ محکموںسے رابطہ کاری کا فریضہ احسن طریقے سے سر انجام دے رہی ہے۔وزیر اعظم نے بھی جی ایس پی پلس میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل کو بھی یہ ذمہ داری سونپی ہے اور یہ سیل انتہائی تن دہی سے اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔