گلگت/ اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائیگا۔ شاہراہ قراقرم اہمیت کا حامل ہے، حکومت شاہراہ قراقرم کے تعمیر و توسیعی منصوبے کے تعمیراتی کام کی تکمیل کو ترجیحی بنیادوں یقینی بنائیگی۔ وفاق جتنی اہمیت شاہراہ قراقرم اور گلگت بلتستان کو دیتی ہے اتنا ہی گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کو بھی مضبوط بنانے پر دی جائیگی۔ چین سے خنحراب کے راستے گوادر تک ہونیوالی معاشی ترقی گلگت بلتستان کے ساتھ پاکستان کیلئے بھی ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور صوبہ خیبر پی کے کے مابین سرحدی تنازعہ کو کمشن کے ذریعے حل کیا جائیگا۔ وہ پیر قومی اسمبلی اور سینٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے وزیراعظم ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف آرمی سٹاف اور تینوں افواج کے سربراہوںسے گفتگو کی اور وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جنگلوٹ، سکردو شاہراہ کے سنگ بنیاد رکھنے کے تقریب کی رسم آپکے ہمراہ ادا کرنے کے لئے بہت جلد گلگت آئونگا۔ ائیر چیف آف سٹاف نے نلتر کے مقام پر بین الاقوامی سکئی سنٹر کے قیام کے لیے زمین کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کا خصوصی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے نلتر میں چیر لفٹ کی تنصب کے لیے گلگت نلتر روڈ تو سیع منصوبے کے لیے اقدمات کرنے کی گزارش کی۔ ملاقات میں گورنر کے پی کے مہتاب خان عباسی نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعظم پ نوازشریف سے گزارش کی کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی تعاون کرے۔