کوئٹہ(آئی این پی+آن لائن )قلات کے علاقے مورجان ہربوئی میں پیر کے روز ایف سی سے ایک جھڑپ میں ہلاک ہونیوالے 9دہشت گرد سانحہ مستونگ میں ملوث تھے۔ترجمان ایف سی کے مطابق ہلاک افراد سانحہ مستونگ میں ملوث تھے اور ہربوئی میں پی پی ایل پروجیکٹ اور ایف سی کی پوسٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔تربت کے علاقے رودبند میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرکے خودکار ہتھیار برآمد کر لئے گئے۔ ضلع بولان کے علاقے کھٹان میں ایف سی نے خفیہ اطلاع پر ایک مکان پر چھاپہ مارتے ہوئے ایک دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گرد سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ادھر خروٹ آباد کے علاقے خیزئی چوک اور ملحقہ علاقوں میں ایف سی اور پولیس نے سرچ آپریشن کر کے 25مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔دوسری جانب حکومت بلوچستان نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے میں تمام این جی اوز کی چھان بین شروع کردی ہے، تمام این جی اوز کا ڈیٹا، آمدنی کے ذرائع اور دیگر ضروری تفصیلات طلب کرلی گئیں۔ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود بلوچستان ڈاکٹر کہور خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بلوچستان میں محکمہ سماجی بہبود کے پاس تقریباً 15 سو این جی اوز رجسٹرڈ ہیں، ان میں سے صرف ایک سو فعال ہیں، باقی 14 سو غیرفعال ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے کی تمام این جی اوز کی چھان بین شروع کی گئی ہے اور اس سلسلے میں تمام این جی اوز کا ڈیٹا، آمدنی کے ذرائع اور دیگر ضروری تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ اب تک صرف5 این جی اوز اپنے ریکارڈ پیش کرسکی ہیں۔ ڈاکٹر کہور خان نے بتایا کہ صوبے میں غیر مناسب سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر2 این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے۔
قلات: جھڑپ میں ہلاک ہونیوالے 9 دہشتگرد سانحہ مستونگ میں ملوث تھے: ترجمان ایف سی
Jun 03, 2015