اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ائر چیف مارشل سہیل امان نے بیجنگ میں چین کے سنٹرل ملٹری کمشن کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائر چیف سہیل امان نے سنٹرل ملٹری کمشن کے سربراہ جنرل فان چانگ لانگ سے ملاقات کی جس میں سٹریٹجک تعاون بڑھانے اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ سہیل امان نے جنوبی ایشیا امور کے چینی نائب وزیر لوچیان چائو سے بھی ملاقات کی۔ ائر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ چینی وزیر نے کہا کہ اقتصادی راہداری سمیت پاکستان کی ترقی کیلئے ہر اقدام کریں گے۔ائر چیف نے چائنہ ایروٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن کا بھی دورہ کیا اور اعلی قیادت سے ملاقات کی۔