راولپنڈی + اسلام آباد (آن لائن) کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔ راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہونا تھی جو جج رانا آفتاب کی رخصت کے باعث بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔ ایان علی کی درخواست ضمانت کی سماعت اب آج ہوگی۔ علاوہ ازیں ماڈل ایان علی نے رمضان المبارک میں جیل بھر کے قیدیوں اور حوالاتیوں کو سحری اور افطاری کرانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس حوالے سے جتنے بھی اخراجات بنتے ہیں اس کا تخمینہ لگا کر انہیں دے دیا جائے تو وہ رقم کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں گی۔ انہوں نے جیل حکام کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ وہ رمضان المبارک میں چاہتی ہیں کہ اڈیالہ جیل کے تمام قیدیوں، حوالاتیوں کو سحری اور افطاری فراہم کریں، وہ اور تو کچھ نہیں کرسکتی کم از کم اتنی نیکی تو کی ہی جاسکتی ہے، تاہم جیل حکام نے اس بارے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔