اسلام آباد (وقار عباسی سے) حکومت نے آئندہ سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام ( پی ایس ڈی پی) میں وزارت نیشنل ہیلتھ کے 39منصوبوں کے لئے 6ارب 17کروڑ 56لاکھ روپے مختص کئے ہیں نئے مالی سال کے بجٹ میں چار نئی سکیموں کے لئے 4ارب روپے جبکہ جاری 35منصوبہ جات کے لئے 2ارب 17کروڑ تفویض کئے گئے ہیں، حکومت نے نئے مالی سال کے دوران وزیراعظم کی نیشنل انشورنس پروگرام کے لئے 2ارب 68کروڑ وفاقی دارالحکومت میں کینسر ہسپتال کی تعمیر کے لئے 10کروڑ روپے جبکہ اسلام آباد کے دیہات میں واقع بنیادی مراکز صحت کی بہتری کے لئے 5کروڑ روپے کی بھی منظوری دی ہے۔ نوائے وقت کو دستیاب بجٹ دستاویزات کے مطابق وزارت نیشنل ہیلتھ نے آئندہ مالی سال کے لئے وزارت نیشنل ہیلتھ کے 39منصوبہ جات کے لئے 28ارب 46کروڑ روپے طلب کئے تھے۔ تاہم وفاقی حکومت نے صوبوں میں جاری منصوبہ جات کو خود ہی بجٹ تفویض کرنے کی منظوری دیتے ہوئے وزارت کی درخواست مستر د کردی ہے۔ واضح رہے وزارت نیشنل ہیلتھ چاروں صوبوں میں بیک وقت شروع کئے جانے والے نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تیارکردہ ڈیٹا سے استفادہ کرے گی۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت ایک کروڑ لوگوں کو کسی بھی بیماری کے علاج کے لیے سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں میں50ہزار روپے کا میڈیکل کور دیا جائے گا ۔ یہ رقم صوبے ادا کریں گے تاہم کسی بھی مہلک مرض میں مبتلاء لوگوں کو مزید علاج معالجے کے لیے اڑھائی لاکھ روپے تک کے اخراجات سرکاری سطح پر ادا کیے جائیں گے جو وفاقی حکومت ادا کرے گی ۔