کامیڈی کے نام پر گالی گلوچ‘ تھیٹر سے بیہودگی ٹی وی چینلز کے ٹاک شوز میں پہنچ گئی: بھاء منیر

Jun 03, 2015

لاہور (سیف اللہ سپرا) معروف فنکار بھاء منیر نے کہا ہے کہ آج کل سٹیج ڈراموں میں کامیڈی کے نام پر گالم گلوچ ہو رہا ہے، جگت ایسی ہونی چاہئے جو فیملی کے ساتھ انجوائے کی جا سکے۔ جگتیں ایسی ہونی چاہئیں جن میں بیہودگی نہ ہو اور کسی کی دل آزاری نہ ہو اور تفریح کے ساتھ ساتھ اصلاحی پہلو بھی ہو۔ آج افسوسناک بات یہ ہے کہ تھیٹر سے بیہودگی ٹی وی چینلز کے ٹاک شوز میں شفٹ ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت آفس میں گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ تھیٹر پر بیہودگی اس قدر نقصان دہ نہیں جس قدر ٹی وی چینلز پر کیونکہ تھیٹر پر تو لوگ جا کر ڈرامہ دیکھتے ہیں مگر ٹی وی چینلز گھر گھر میں موجود ہیں۔سابق صدر ایوب خان مروحوم، سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو مرحوم، سابق صدر ضیاء الحق مرحوم، وزیراعظم میاں نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سمیت متعدد اہم شخصیات کے سامنے پرفارم کیا۔حنیف رامے وزیراعلیٰ تھے اس دور میں، میں نے تقریب میں اراکین اسمبلی کے بارے میں جگت لگائی جس پر  پولیس پکڑ کر لے گئی۔ میری والدہ آغا شورش کاشمیری کے پاس گئیں اور میری گرفتاری کا بتایا کہ آغا شورش نے پولیس والوں کو بھی برا بھلا کہا اور ساتھ نوائے وقت کو خبر شائع کرنے کیلئے کہا‘ نوائے وقت نے سرخی کے ساتھ خبر لگائی کہ ’’لاہور کے بھانڈ بھی حوالات پہنچ گئے‘‘  خبر نوائے وقت میں چھپی تو  وکیل رفیق باجوہ نے کہا کہ آج صرف یہی مقدمہ لڑوں گا۔ رفیق باجوہ نے مقدمہ لڑا اور میری رہائی ہو گئی۔

مزیدخبریں