سابق کپتان ظہیر عباس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی صدارت کیلئے نامزد

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور گورننگ بورڈ کے ارکان نے 2015-16ء کی مدت کیلئے سابق کپتان ظہیر عباس کو آئی سی سی صدارت کیلئے نامزد کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹرز کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں سابق کپتان و ایشین بریڈمین ظہیر عباس، سابق کپتان ماجد خان کے ناموں کو زیر غور لایا گیا، اکثریت نے ظہیر عباس کے حق میں رائے دی‘گورننگ بورڈ  سے مشاورت کے بعد پی سی بی نے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر ان کا نام بھجوا دیا ہے۔ آئی سی سی کا رواں ماہ جون کے آخر میں بارباڈوس میں ہونے والے اجلاس میں آئی سی سی صدر کے نام کی باقاعدہ منظور دی جائے گی۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2016ء کے بعد آئی سی سی صدارت کے لئے کسی سابق ٹیسٹ کرکٹر کا صدر کے عہدہ کے لئے نامزد کیا جانا ضروری قرار دیا تھا۔ پی سی بی کے سابق چیئرمین اور موجودہ ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی خیرسگالی طور پر 2015-16ء مدت کے لئے آئی سی سی صدارت کے عہدہ سے دستبردار ہو گئے تھے تاکہ کسی ٹیسٹ کرکٹر کو آئی سی سی صدر بننے کا موقع دیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن