اقتصادی راہداری کیخلاف تمام سازشوں سے آگاہ ہیں‘ خواب کی تعبیر کیلئے ہر قیمت ادا کرینگے: آرمی چیف

راولپنڈی / اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی + آن لائن ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ آخری مرحلے میں داخل ہو گیا۔ پاکستان کو مشکل اور مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ اقتصادی راہداری کے خلاف تمام سازشوں سے آگاہ ہیں۔ اقتصادی راہداری کو حقیقت میں بدلنے اور اس خواب کی تعبیر کیلئے ہر قیمت چکانے کو تیار ہیں۔ قوم کے عزم، افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بدولت دہشت گردی پر قابو پایا۔ قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی سربراہی میں فارمیشن کمانڈرز کا اجلاس ہوا۔ فارمیشن کمانڈرز سے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا پاکستانی قوم گزشتہ ایک دہائی سے دہشتگردی سے متاثر ہے۔ مسلح افواج نے بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قوم کے عزم سے صورتحال تبدیل کر دی ہے۔ انہوں نے کہا آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا غیرملکی سازشوں سے آگاہ ہیں اس خواب کی تعبیر کے لیے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں اور پاکستان آرمی ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں کور کمانڈرز، سٹاف آفیسرز اور فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔ شرکاء کو ملک کی داخلی اور خارجی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس کے شرکاء نے پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا پاکستانی قوم ایک دہائی سے زائد عرصے سے دہشتگردی کا شکار ہے۔ الحمد للہ قوم کے عزم سے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی۔ مسلح افواج نے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار سے دہشتگردوں کیخلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ افسروں اور جوانوں کی کاوشوں سے ضرب عضب حتمی مرحلے میں ہے۔ آرمی چیف نے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی پر اظہار اطمینان کیا۔ آرمی چیف نے کہا بہادر قبائلیوں کی دہشتگردی کیخلاف غیرمتزلزل حمایت لائق تحسین ہے۔ نقل مکانی کرنے والوں کی باعزت اور بروقت واپسی اور بحالی یقینی بنائی جائے۔ مزید برآں آن لائن کے مطابق پاکستان ایئر فورس کی فضائی مشق (ٹیمپسٹ ٹو) اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے شرکت کی اور فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔ اختتامی تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، سربراہ پاک نیوی ایڈمرل ذکاء اللہ، ایئر چیف مارشل سہیل امان اور چیئر مین جوانٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے کامیاب مشقوں کے انعقاد کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا پیشہ ورانہ امور کی بجا آوری میں فوج کا دیگر فورسز سے قریبی تعاون ہے اور تینوں فورسز کے درمیان ایک زبردست کوآرڈینیشن موجود ہے جو ملکی دفاع کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا پاک فضائیہ نے آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس طرح کی مشقوں سے پاک فضائیہ کے آپریشنل تیاریوں میں بھرپور مدد ملے گی۔ پاک فضائیہ ہر طرف سے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے مکمل تیار ہے۔ انسداد دہشتگردی کے لئے فوجی مشقوں کا اہم کردار ہے۔ باہمی تعاون کا بھرپور مظاہرہ ضرب عضب میں دیکھنے کو ملا۔ مسلح افواج کی مشترکہ کاوشوں نے ملک سے دہشتگردی ختم کرنے میں بہت ہی اہم کردار ادا کیا ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے کہا فوجی مشقیں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ جدید دور میں پاک فضائیہ کا کردار قابل فخر اور قابل تعریف ہے۔ اس طرح کی مشقوں سے ہمیں جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...