انگلینڈ میں کھیلنا مشکل‘ موقع ملا تو اچھا پرفارم کرینگے: شان مسعود‘ سمیع اسلم

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے متوقع کھلاڑیوں میں شامل اوپنر شان مسعود اور سمیع اسلم کا کہنا ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر پرفارم کرنے کے بعد اب دورہ انگلینڈ کی تیاری کیلئے بھر پور محنت کر رہے ہیں ، قومی سلیکشن کمیٹی نے اگر موقع دیا تو ٹیم کی جیت کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔ کمزوریوں پر قابو پانے کیلئے خوب محنت کی ہے ‘اس وقت کسی بھی نئے اوپنر کیلئے آنے والے سیزن میں اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیم کا مستقل رکن بننے کا اچھا موقع ہے، دورہ انگلینڈ کی تیاری کیلئے بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ نے اچھی پلاننگ کی ہے اور ٹیم ٹیسٹ سیریز سے ایک ماہ قبل انگلینڈ جا رہی ہے جس سے کنڈیشنز سے ہم آہنگی میں مدد ملے گی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ تین سال سے کھیلتے آ رہے ہیں مگر تسلسل سے کارکردگی نہ دکھا سکے ۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں تسلسل سے کارکردگی دکھانا بہت ضروری ہے، کوشش ہے کہ ٹیم میں مستقل جگہ بنا سکیں۔ انگلینڈ میں کھیلنے کے چیلنج کے لئے تیار ہیں۔، آف سیزن میں کوچز کی نگرانی میں اپنی کمزوریوں پر قابو پانے کے لئے محنت کی ہے لہٰذا اب اچھی کارکردگی نہ دینے کا کوئی بہانہ نہیں ہے ، بورڈ کی جانب سے ا یبٹ آباد کیمپ میں فٹنس پر توجہ دی گئی، اب سکلز کیمپ میں ڈیوک کا گیند اور بہتر پچوں پر ٹریننگ کر رہے ہیں تاہم اصل کنڈیشنز کا انگلینڈ میں جا کر ہی پتہ چلے گا ۔

ای پیپر دی نیشن