منیلا ( نیٹ نیوز) فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے ایک کیسینو میں مسلح حملہ آور کی فائرنگ اور گیمنگ ٹیبلز کو آگ لگانے کے نتیجے میں 36افراد ہلاک اور 54زخمی ہو گئے ۔ مقامی میڈیا رپورٹس میں حملے کو ڈکیتی کی ناکام کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ فلپائن کے مقامی نیوز چینل اے این سی کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد حملہ آور کی جانب سے کسینو میں لگائی گئی آگ اور دھویں سے دم گھٹنے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔ حملے کے وقت کمپلیکس میں موجود افراد اور عملے نے باہر نکلنے کی کوشش کی تا ہم کئی افراد بھگدڑ کی وجہ سے باہر نہ نکل پائے اور وہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے مشتبہ حملہ آور کی لاش ہوٹس کے ایک کمرے سے برآمد ہوئی۔ نیشنل پولیس چیف رونلڈ ڈیلا روزا نے ایک پولیس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ حملہ آور نے ہوٹل کے کمرہ نمبر510میں خود سوزی کر لی۔ پولیس کے مطابق حملہ آور بیڈ پر لیٹا اس نے خود وکو ایک کمبل میں لپیٹا اور پھر اپنے اوپر پٹرول چھڑک لیا۔ حکام کے مطابق واقعے میں 54افراد زخمی ہوئے جن میں سے چند افراد کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس چیف کا مزید کہنا تھا کہ اسلح حملہ آور کا نشانہ لوگ نہیں تھے ، وہ کسینو کے ٹوکن چرانے کی کوشش میں تھا، اسے دہشت گردی کا واقعہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش ڈکیتی کو ذہن میں رکھتے ہوئے کی جا رہی ہے کیونکہ مسلح شخص نے کسی کو بھی زخمی نہیں کیا، وہ سیدھا اس کمرے میں گیا جہاں کسینو کے ٹوکنز محفوظ کیے گئے تھے ، مسلح شخص نے کسینو کی دوسری منزل پر اپنی گاڑی پارک کی اور اندر داخل ہوا،اس نے کسینو میں نصب ٹی وی اسکرینز پر فائرنگ کی اور ٹیبلوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگاتا رہا۔ہسپتال حکام کے مطابق زیادہ تر زخمیوں کی حالت دھویں سے خراب تھیں، اور ان کی چوٹوں کی نوعیت فریکچر اور زخم تھے ، کوئی بھی شخص گولی لگنے سے زخمی نہیں ہوا تھا۔ کیپٹل پولیس آفس کی ترجمان کمبرلی مولاٹس کے مطابق ریزورٹ پر چھاپے کے دوران22لاکھ 70ہزار ڈالر مالیت کے چرائے گئے کسینو ٹوکن برآمد کئے گئے ۔
منیلا : کسینو میں ڈکیتی‘ مسلح شخص کی فائرنگ‘ میزوں کو آگ لگا دی‘ 36 افراد ہلاک54 زخمی
Jun 03, 2017